کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز کا مایوس کن آغاز

297

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز چھ وکٹوں کے نقصان پر659 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی جبکہ کیوی ٹیم کو پاکستان پر 362 رنز کی برتری حاصل  ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز نے مایوس کن آغاز کیا اور شان مسعود سیریز میں تیسری بار بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ پاکستان نے دن کے خاتمے تک ایک وکٹ کے نقصان پر آٹھ رنز بنائے تھے۔

 عابد علی سات رنز کے ساتھ اور محمد عباس ایک رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ڈبل سنچری بنائی اور وہ 238 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ کین ولیمسن کے علاوہ ہنری نکولس 157 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آوٹ ہوئے اور  ڈیرل مچلز 102 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے اوپنرز کافی دیر تک پاکستانی بولرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب ٹام بلنڈل 16 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 52 تھا جبکہ  اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔

آٹھ اوورز بعد محمد عباس نے راس ٹیلر کو پویلین بھیجا تو نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی 71 کے مجموعی سکور پر آؤٹ تھے مگر اس کے بعد کین ولیمسن نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی جبکہ لیتھم نے 33 رنز سکور کیے۔

واضح رہے پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے، جس میں اظہر علی 93 اور محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

خیال رہے 362 رنز کے خسارے سے قومی بلے باز دوسری اننگز میں اِن ایکشن ہوئے اور اوپنر شان مسعود پھر ناکام رہے بغیر رن بنائے  جبکہ دن کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ پر آٹھ رنز بنا لیے اور قومی ٹیم کو کیوی برتری ختم کرنے کےلیے مزید تین سو چون رنز بنانا ہوں گے۔