بھٹ شاہ وومن پولیس کی ناقص کارکردگی ،خواتین انصاف سے محروم

60
بھٹ شاہ میں قائم وومن پولیس اسٹیشن کا بیرونی منظر

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ وومن تھانے کی انچارج خانزادی ساند کی ناقص کارکردگی، کسی بھی مظلوم غریب خواتین کو آج تک انصاف فراہم کرنے میں ناکام، بھٹ شاہ کی مقامی لیڈیز پولیس اہلکاروں سے ناروا سلوک، رشوت نہ دینے پر دور دراز شہروں میں ڈیوٹی لگا دی جاتی ہے، من پسند اہلکار گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرنے لگیں۔ ضلع مٹیاری کے شہر بھٹ شاہ میں کئی سال سے غریب مظلوم خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے بھٹ شاہ وومن تھانہ قائم کیا گیا تھا۔ وومن تھانے کی انچارج شروع سے خانزادی ساند ہیں جو آج تک کسی بھی غریب مظلوم خواتین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہے، اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوتی ہیں، من پسند لیڈیز اہلکار تھانہ چلاتیں ہے اور انچارج کی حاضری رجسٹر میں ڈیوٹی کی جعلی انٹری کی جاتی ہے، کئی ماہ سے وومن تھانے میں ہیڈ محرر کی پوسٹ خالی ہے، ضلع بھر میں 50 سے زائد لیڈیز پولیس اہلکاروں کی تعداد ہے، تمام لیڈیز اہلکاروں کو درگاہ بھٹ شاہ کی سیکورٹی اور چیکنگ کی وجہ سے بھرتی کیا گیا تھا۔ بھٹ شاہ وومن تھانہ ضلع مٹیاری میں ایک ہے، لیڈیز اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی یہیں سے لگائی جاتی ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق وومن تھانے میں رات اور دن کے وقت غیر متعلقہ افراد کا آنا جانا بھی ہے، انچارج کی طرف سے بھٹ شاہ کی مقامی لیڈیز پولیس اہلکاروں سے ناروا سلوک کرنے کا بھی سلسلہ جاری ہے، رشوت نہ دینے پر شہید بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ڈیوٹی اور رات کے وقت مختلف تھانوں پر ڈیوٹی لگائی جاتی جبکہ انچارج کی منظور نظر لیڈیز اہلکار گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہی ہیں، جن کی باقاعدہ حاضری رجسٹر میں انٹری کی جاتی ہے کہ وہ سرکاری کام سے گئی ہیں۔ انچارج کا بااثر اور سیاسی افراد سے تعلق کی وجہ سے پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ان کیخلاف کارروائی کرنے میں بے بس ہیں۔ وومن تھانہ صرف چند لیڈیز پولیس اہلکار اور پولیس کے سنتری چلا رہے ہیں۔ شہریوں نے آئی جی سندھ مشتاق مہر، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل احمد خان، ڈی آئی جی حیدر آباد شرجیل کھرل، ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو، ایس ایس پی مٹیاری آصف احمد بگھیو سے بھٹ شاہ وومن تھانے کی لیڈیز پولیس اہلکاروں سے ناروا سلوک اور ناقص کارکردگی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔