حکومت کومزید برداشت نہیں کرسکتے، متحدہ انجمن تاجران بنوں

309

بنوں (آن لائن)متحدہ انجمن تاجران بنوں کی56 یونینز نے کل بروز بدھ 6 جنوری کو مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید اس حکومت کو برداشت نہیں کرسکتے ، پی ڈی ایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے، تاجروں نے جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی کی موجودگی میں جلسے میں شرکت کا اعلان کیا ،نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے موجودہ حالات کنٹرول سے باہر ہو گئے ملک کا ہر طبقہ اپنے حقوق کے لیے سراپااحتجاج ہے ۔جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی کی متحدہ انجمن تاجران بنوں کے رہنمائوں سے ایک نشست ہوئی ، اس موقع پر ملک مقبول خان ، ملک غلام قیباز خان ،ملک ناصر خان، ملک سلیم الرحمن ، ڈاکٹر عبدالرئوف قریشی، نیک جہان شاہ و دیگر تاجروں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تقریباً 3 سال میں تاجر جتنے متاثر ہوئے ، رہی سہی کسر بنوں کی حلال فوڈ ا تھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز نے پوری کر دی ، آ ئے روز تاجروں کو ناجائز جرمانے کر رہی ہے ، لہٰذا ہم مزید اس حکومت کو برداشت نہیں کر سکتے اور پی ڈی ایم جلسے میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی قیادت میں شرکت کریں گے ،اس موقع پررکن قومی اسمبلی زاہد اکرم دُرانی نے تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔