کوروناوائرس: جاپان میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور

460

جاپان کے وزیر اعظم وشی ہیڈے سوگا نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ حکومت نئے سال کی تعطیل کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد دارالحکومت ٹوکیو سمیت تین صوبوں میں ایمرجنسی کا اعلان کرنے پر غور کر رہی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوگا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے سے طے شدہ مدت یعنی مارچ سے قبل فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے کورونا ٹیکہ کاری شروع کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوکیو کے گورنر یوریکو کوئیکی اور دیگر عہدیداروں نے حکومت سے ہفتہ کو ایمرجنسی کا اعلان کرنے کی اپیل کی ہے۔ دارالحکومت میں پہلی مرتبہ کورونا وائرس کے ۱۳۰۰؍ سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ جاپانی قانون کے مطابق کاروبار پر پابندی عائد کرنے کے لئے اپیل مرکزی انتظامیہ کی بجائے مقامی انتظامیہ کی جانب سے کی جاتی ہے۔

اس سے پہلے ٹوکیو اور دیگر چھ صوبوں میں ایمرجنسی کا علان ۲۰۲۰ء کے اوائل میں جاپان میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران اپریل میں کیا گیا تھا اور پورے ملک میں اسے ایک ماہ کے لئے بڑھایا گیا تھا۔