ملک بھر میں تعلیمی ادارے مراحل میں کھولنے کا فیصلہ

444

اسلام آباد: فاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہےکہ 18 جنوری کو نویں، دسویں اور گیارہویں جماعت  تک تعلیمی ادارے کھل جائیں گے جبکہ وزارت صحت کی ایڈوائس کے بعد ہی   تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ 25 جنوری سے پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے بچے بھی سکول آنا شروع کر دیں گے جبکہ یکم فروری سے جامعات  اور ہائر ایجوکیشن کے تمام ادارے بھی کھل جائیں گے۔

واضح رہے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا گیا  ہے۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب نے 9 سے بارہویں جماعت تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ  پنجاب میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک تعلیمی ادارے 20 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پنجاب میں یکم فروری سے یونیورسٹیز کھولی جائیں گی۔

صوبہ خیبر پختونخوا نے بھی تعلیمی ادارے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بچوں کی صحت ہے اور  بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے  اور 14 اور 15 جنوری کو صحت کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیاجائےگا۔

شفقت محمود نے کہا کہ گیارہ جنوری سے آن لائن لرنننگ ہوسکتی ہے ،بورڈ کے امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے جبکہ  اجلاس کے شرکا نے نئے تعلیمی سال 2020-21 کو اگست 2021 میں شروع کرنے پر بھی جائزہ لیا گیا اور قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے بھی ویڈیو اجلاس میں گفتگو کی گئی۔

یاد رہے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کیے تھے اور اس دوران سکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں گھر سے تعلیم کا سلسلہ جاری تھا۔

تعلیمی اداروں میں دسمبر میں ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے تھے جبکہ نجی تعلیمی اداروں نے امتحانات مخصوص حصوں میں لیے ہیں۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس ہوا،  اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے پر وزراء تعلیم متفق ہوگئے ہیں۔

وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ وزارت صحت کی بریفنگ پر تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوکیا گیا ہے اور نجی تعلیمی اداروں کی مشکلات کا ادراک ہےاورانہیں پیکج دے رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھاکہ میڈیکل کالجز کے امتحانات کے حوالے سے منگل کو ایک اہم اجلاس ہوگا۔