حکمران کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کرسکے‘ راشد نسیم

219
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم منصورہ میں صوبائی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں‘ جاوید قصوری ودیگر بھی موجود ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی وخوشحالی کی منزل پر صرف جماعت اسلامی پہنچا سکتی ہے ۔ملکی امور دیانتدار ی سے چلانے کیلیے جس دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے وہ صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔جماعت اسلامی نے ایسی قیادت تیارکی ہے جس کے دامن پر کرپشن ،کمیشن یا لوٹ مار کا کوئی دھبہ نہیں ۔جماعت اسلامی ایک حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کا اعتراف سروے رپورٹیں اور قومی و بینالاقوامی ادارے بھی کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب (وسطی) کے زیر اہتمام صوبائی دفتر میں شیخوپورہ ، ننکانہ کے ضلعی اور زونل امرا اور جماعت کے ذمہ داران کی دو روزہ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر صوبہ محمد جاوید قصوری ، صوبائی سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ بھی موجود تھے ۔ راشد نسیم نے کہا کہ 74 سال سے ملک پر مسلط ٹولے نے پاکستان کے نظریے اور جغرافیہ کو نقصان پہنچایا ہے اس کا ازالہ کرنا مشکل ہے ۔ عوام مہنگائی ، بے روز گاری کے ہاتھوں پریشان ہیں اور حکمران ہر روز نئے وعدے ،دعوے اور اعلانات کرتے ہیں مگر کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو تبدیلی کے جو خواب دکھائے تھے ان کی تعبیر الٹی ہوگئی ہے ۔وزیر اعظم جس چیز کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لیتے ہیں اگلے دن اس کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہوجاتا ہے اس لیے عوام اب دعائیں مانگتے ہیں کہ وزیر اعظم کسی چیز کے مہنگی ہونے کا نوٹس نہ لیں ۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنا ن سینکڑوں کی تعدا د میں قومی اسمبلی ،سینیٹ ،صوبائی اسمبلیوں اور کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں کے بلدیاتی اداروں میں رہے مگر کسی ایک کے دامن پر کرپشن کا کوئی ایک دھبہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلیے جماعت اسلامی بیسٹ آپشن ہے ۔عوام نے تمام جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا اور ایسے زخم کھائے ہیں کہ سال ہا سال سے رس رہے ہیں اور ان کے درد سے ہر فرد کی چیخ رہا ہے ۔