وفاقی وزرا کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جائے، ناصر حسین شاہ

132

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ کے وزیر برائے اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی کے جھوٹے ٹولے کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جائے، عمران حکومت نے عوام کو گمراہ کرنے کیلیے ترجمانوں کا لشکر بھرتی کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ اطلاعات سندھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی
کی حکومت نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں، بالخصوص صحت، تعلیم اور روڈ سیکٹرز میں سندھ حکومت نے مثالی کام کیا ہے، پی پی پی چیئرمین بلاول زرداری کے وژن کے مطابق نئے سال 2021ء کو سندھ میں جنگلات کی بحالی کے سال کے طور پر لیا جائے گا اور واگزار کرائی گئی لاکھوں ایکڑ اراضی پر مقامی اور پھل دار درخت لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ سرسبز سندھ وژن کی بھرپور تشہیر کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے، محکمہ اطلاعات کے سوشل میڈیا ونگ کو فعال کیا جائے اور سندھ حکومت کے منصوبوں کی تشہیر کیلیے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں سے رابطے مضبوط کیے جائیں، پیپلزپارٹی صحافیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتی ہے تاکہ وہ اپنی ذمے داریاں آزادانہ طور پر سرانجام دے سکیں، پریس کلبز اور صحافتی تنظیموں کی گرانٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔