اساتذہ کے اعزاز میں تقریب بعنوان ’’ایک شام اساتذہ کے نام‘‘ کا انعقاد

590

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) الفلاح ہائی اسکول لطیف آباد کے 2000ء میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ نے اپنے دور طالب علمی کے اساتذہ کے اعزاز میں تقریب بعنوان ’’ایک شام اساتذہ کے نام‘‘ کا انعقاد کیا۔ تقریب میں طلبہ کی ترجمانی کرتے ہوئے کاشف قائم خانی نے کہا کہ آج کی یہ تقریب ہم نے اپنے اساتذہ کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی ہے۔ یہ وہ اساتذہ کرام ہیں جن کے فیض کی بدولت ہم اور ہمارے جیسے ہزاروں طالب علموں نے اپنے مقام و منزلت کو حاصل کیا اور علم و آ گہی سے مستفید ہوئے۔ اساتذہ کرام نے شرکت فرما کر تقریب کو رونق بخشی۔ تقریب سے الفلاح اسکول کے استاد عمران شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے جو پودا ان طلبہ کی شکل میں لگایا تھا آج وہ تناور درخت بن چکا ہے اور لوگ ان کی صلاحیتوں سے فیض یاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ایسی پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس پر وہ قابل صد تحسین ہیں اور مبارک باد کے مستحق ہیں۔ تقریب میں معروف شاعر سید شجاعت علی نے اپنا تازہ کلام پیش کیا۔ تقریب سے سلطان شاہ، شاہد ایوب، محمد عامر، دانش، سرفراز فرحان حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔