حیدرآباد‘ مختلف تنظیموں کا ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں گھپلوں کیخلاف احتجاج

184

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن جساف (آزاد) مرکز جئے سندھ ، پی ایم سی کی جانب سے ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں سند ھ کے طلبہ کی حق تلفی، سندھ سپا کے قافلے پر تشدد جیسے واقعات کے خلاف حیدرآبا د پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجبکہ تیسرے روز بھی بھوک ہڑتال کی گئی جساف آزاد کے مرکزی رہنما آزاد حسین سومرو، ڈاکٹر سہتو، فرازکلہوڑو، عامر ویسر ودیگر نے کہاکہ ملک میں رہنے والی قوموں کا ہر سطح پر سیاسی اور اقتصادی استحصال کیاجارہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایم بی بی ایس کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن کا جبری قیام کرکے پنجاب بورڈ کے تحت میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ کے ذریعے تین ہزار سے زائد سندھ کے طلبہ کی حق تلفی کی گئی اور 68 فیصد میڈیکل کی سیٹوں پر پنجاب اور دیگر صوبوں کے لوگوں کو دے دی گئیں جو کہ سندھ کے طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان میڈیکل کمیشن بورڈ کے ممبروں میں کوئی بھی ایک سندھی ممبر نہیں ہے جبکہ ادارے میں سندھ کی کوئی نمائندگی نہیں ہے ان اداروں کو سندھ کے طلبہ کے مستقل کے فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جس کے باعث سندھ کے میرٹ کا قتل عام کیا جارہاہے سندھ کے نمبروں پر دیگر صوبوں کے ڈومیسائل کے حامل طلبہ کو پاس کرنا تعلیمی دہشت گردی ہے، جس کے ذریعے پنجاب کی بالادستی نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے لوگوں غائب کیا گیا جس کیخلاف پرامن مارچ نکالنے والوں پر اوباڑو میں پولیس کا تشدد اور لڑکیوں کو بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا جبکہ قافلے کے لوگوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف ناجائز مقدمات قائم کردیے ہیں ہم اس عمل کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مقدمات ختم کیے جائیں،گرفتار افراد کو رہا اور غائب کیے گئے لوگوں کو فوری بازیاب کراکر عدالت میں پیش کیا جائے۔