پی ڈی ایم کے سرکس کو قوم نے مسترد کردیا، مراد سعید

101

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ میڈیا پر چلنے والے پی ڈٰی ایم کے سرکس (احتجاجی جلسوں) کو قوم نے مسترد کردیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں میں موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہے جبکہ یہی اپوزیشن احتساب کے عمل کو شفافیت سے دور رکھنے کے لیے تمام حربے استعمال کررہی ہے اور فیٹف قانون سازی پر بھی حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات سمیت پشاور، لاہور اور ملتان جلسے میں عوام نے اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔ آصف زرداری اور نواز شریف نے کیمپ آفس اور سیکورٹی کے نام پر بالترتیب 316 کروڑ 40 لاکھ روپے اور 431 کروڑ 83 لاکھ روپے اڑا دیے۔ مراد سعید نے کہا کہ ان لوگوں کے گھر پاکستان کے عوام کے پیسوں سے چل رہے تھے، ایک طرف اپوزیشن فوج پر سیاست کا الزام اور دوسری طرف فوج کو ان چیزوں میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے نیم متوسط طبقے کو محرومی سے نکالنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جبکہ سابقہ حکومتوں نے محض اپنی جیب بھرنے کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور لوگوں کا پیسہ لوٹا۔