حکومت ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے‘محمود خان

130

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم اضلاع کی تیز رفتار اور دیر پا ترقی کو اپنی حکومت کے اہم اہداف میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے جس سے ان اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے مقدار اور معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آبادی اور لوگوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضم اضلاع کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے رکھے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ آبادی کو پہنچے۔انہوںنے محکمہ آبنوشی کو وزیرستان کے علاقے سلیمان خیل اور دوتانی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فزیبیلٹی کرانے اور جلد عملی کام شروع کرنے جبکہ ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری اور شلمان میں بھی پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیاد پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔