کراچی میں سردی مزید کچھ روز برقرار رہے گی: محکمہ موسمیات

601
intensity of cold

کراچی: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سردی کی موجودہ لہر آئندہ کچھ روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 18 فیصد ہے جبکہ کراچی میں شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر آئندہ کچھ روز تک برقرار رہے گی اور آج موسم سرد اور خشک جبکہ معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے اور لاہور سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں گزشتہ شب سے ہی وقفے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

قصور،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، ننکانہ اور مانانوالہ میں تیز بارش سے خنکی بڑھ گئی جبکہ شکرگڑھ، نارووال اور پسرور سمیت گردو نواح میں بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے جبکہ پیر اور منگل کو گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، کشمیر کے علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

واضح رہے ملک بھر میں آج سے نئے سال 2021 کی پہلی برفباری کا امکان ہے اور گلگت بلتستان، دیر، سوات، کرم سمیت پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری جبکہ موسلا دھار بارش سے کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

 آج داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا جس کے باعث آج شام سے منگل کے درمیان گلگت بلتستان اور کوہستان میں بارش اور بافباری متوقع ہے۔