دوسرا ٹیسٹ: کپتان کا ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ

558

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا.

بابراعظم کی غیر موجودگی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان نے کہا ہے کہ بابراعظم جیسے کھلاڑی کے ٹیم میں نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے، سیریز ابھی ہمارے ہاتھ سے نہیں نکلی، تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں، ٹیم میں تبدیلیوں کا سوچا ہوا ہے لیکن ابھی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے.

انہوں نے کہا کہ ابتدائی دونوں ٹی ٹوینٹی میچز ہارنے کے بعد ہم نے آخری میچ میں کامیابی حاصل کی اور آخری ٹی 20 میچ جیتنے سے جو مومنٹم پکڑا اس کا ٹیسٹ میچ میں فائدہ ہوا اور ہمارے پاس ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ہے.

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمن محمد رضوان نے کہا کہ بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں واپس آئیں گے تواچھا کمبی نیشن بنے گا جبکہ بابراعظم کا ماننا ہے کہ ابھی انہیں مکمل فٹنس کیلئے وقت درکار ہے.

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو 101 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز پر 1-0 کی برتری حاصل ہے.