بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

431

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ  بھی نہیں کھیلیں گے،وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ہی دوسرے میچ میں پاکستان کی قیادت کریں گے.

پی سی بی کے مطابق کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے گزشتہ روز مکمل نیٹ سیشن میں حصہ لیا، نیٹ کے دوران بابراعظم نے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا جس کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بابراعظم کو دوسرا میچ نہ کھیلانے کا فیصلہ کیا ہے.

دوسری جانب نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق بابراعظم کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بیٹنگ پریکٹس نہ کرسکے، بیٹنگ پریکٹس کے دوران بابراعظم کی فٹنس کا جائزہ لیا جانا تھا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعظم خود اور ٹیم مینجمنٹ جلد بازی میں خطرہ مول لینے کو تیار نہیں، فاسٹ بولرزکو کھیلنے میں تکلیف نہ ہوئی تو بابراعظم کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا.

بابراعظم نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے اسکواڈ کے ساتھ گزشتہ روز نیٹ پر بیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی حصہ لیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ نے دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے حتمی فیصلہ آج کرنا ہے.

خیال رہے کہ بابراعظم دائیں انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے ٹی ٹوینٹی سیریز اور پہلا ٹیسٹ نہ کھیل سکے تھے.