مریم بی بی کے کہنے پر کوئی لیگی استعفا نہیں دے گا،غلام سرور خان

129

راولپنڈی (صبا ح نیوز)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں تمام جماعتیں ایک صفحے پر نہیں ہیں اور مریم بی بی کے کہنے پر کوئی مسلم لیگی استعفا نہیں دے گا، عام انتخابات 2023ء میں ہوں گے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی جبکہ مسلم لیگ کا بھی ایک بہت بڑا دھڑا استعفا نہیں دے گا،مولانا کی جماعت والے بھی استعفے نہیں دینگے،مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں کھڑی اور مولانا شیرانی، حافظ حسین احمد کا گروپ سامنے آ گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اور پی ڈی ایم اس میں حصہ بھی لے گی۔