مقبوضہ کشمیر میں خون منجمد کرنیوالی سردی ،درجہ حرارت منفی 9ڈگری

349

سری نگر(صباح نیوز) مقبوضہ وادی کشمیر میں مطلع صاف رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے گر جانے سے سردی کا زور بدستور جاری ہے جس سے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں۔محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے ۔ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ،4 اور 5جنوری کے درمیان بھاری درجے کی برف باری متوقع ہے ۔ادھر وادی 270 کلو میٹر طویل سری نگر، جموں قومی شاہراہ گزشتہ روز مرمتی کام کے پیش نظر بند رہی،وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر لیہہ شاہراہ کو بندکر دیا گیا جبکہ وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر 2 ہفتے سے ٹریفک بند ہے ۔