دورہ جنوبی افریقہ: پاکستانی 17 رکنی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان

759

اسلام آباد: ویمنز سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے 17 رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جبکہ بسمہ معروف کی عدم دستیابی پر ٹیم کی  قیادت جویریہ خان کے سپرد کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے 22 اکتوبر سے یکم نومبر تک راولپنڈی میں جاری رہنے والی نیشنل ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا نہ صرف جائزہ لیا گیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں لگائے گئے  پرفارمنس کیمپ میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے بعد 17خواتین کھلاڑیوں کے ناموں پر حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ویمنز تین رکنی سلیکشن کمیٹی کی دیگر دو اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں اور اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق عائشہ ظفر، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان اور نشرہ سندھو کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ناہیدہ خان نے نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں 51 کی اوسط سے سب سے زیادہ 154 رنز بنائے تھے۔

 پی سی بی ڈائنامائٹس کی عائشہ ظفر نے ٹورنامنٹ میں 111 رنز بنائے  اور وہ ایونٹ کی چوتھی بہترین بلے باز قرار پائیں جبکہ آ ل رانڈر کائنات امتیاز کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا،  کائنات امتیاز نے چار میچوں میں 111 رنز اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

 نشرہ سندھو نے چیمپئن شپ میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیں اور وہ ایونٹ کی جوائنٹ لیڈنگ وکٹ ٹیکر رہی تھیں جبکہ 20جنوری کو ڈربن میں شیڈول سیریز کا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 کے باعث دس ماہ بعد انٹرنیشنل میدان میں واپسی کا سبب بنے گا۔

23 جنوری کو اسی گرانڈ پر دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم پیٹرزمیرٹزبرگ روانہ ہوجائے گی جہاں وہ چھبیس جنوری کو میزبان ٹیم کے خلاف تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور پھر پہلے دو ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گے اور  یہ دونوں ٹی ٹونٹی میچز 29 اور 31 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

تین فروری کو شیڈول آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایک بار پھر ڈربن پہنچے گی جبکہ نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کیمپ اور نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔

عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ میں ہماری کھلاڑیوں کی انفرادی سوچ اور حکمت عملی میں بہتری کے آثار واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں اور  یہ اسکواڈ بہت متوازی ہے اور اس میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج شامل کیا گیا ہے۔

عروج ممتاز نے کہا کہ جویریہ خان تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور انہیں گیم  کی بہت سمجھ ہے،  لہذا بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے اور وہ ماضی میں بھی یہ ذمہ داری نبھا چکی ہیں اور ہمیں مستقبل میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے جبکہ  پاکستان ویمنز ٹیم نے آخری مرتبہ 2018 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا،  جہاں بہترین اور معیاری کرکٹ میچز دیکھنے کو ملے تھے اور یہ ٹور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے 17 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی خواتین کرکٹ ٹیم گیارہ جنوری کو کراچی سے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی، ٹیم میں شامل کھلاڑی فی الحال کراچی میں بنائے گئے بائیو سیکیور ماحول میں لگائے گئے کیمپ میں اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور اسکواڈ میں (ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی دونوں سیریز کے لیے) جویریہ خان (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں ۔