تمام کھلاڑی سیریزکا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں، فہیم اشرف

494

قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی سیریزکا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ کافی معنی رکھتا ہے.

قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر فہیم اشرف نے ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں گفتگو کے دوران غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آخری میچ سے بہت سیکھا، اب غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور آج کے ٹریننگ سیشن میں کنڈیشنز کے مطابق بولنگ کرنے کی تیاری کی.

فہیم اشرف نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی کنڈیشنزترنگا سے مختلف ہیں جبکہ ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے اور تمام کھلاڑی سیریزکا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں.

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹٰیم کے ٹیسٹ اسکواڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے لیے کرائسٹ چرچ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بھرپور پریکٹس کی، تین گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے بھرپور مشقوں میں حصہ لیا.

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو 101 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز پر 1-0 کی برتری حاصل ہے.