قائد اعظم ٹرافی کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا

851

کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) حسن علی کی قیادت میں کھیلنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم غیر معمولی سفر کے اختتام سے ایک قدم کی دوری پر ہے، قائد اعظم ٹرافی 2020-21 کے فائنل میں سینٹرل پنجاب کا مقابلہ خیبر پختونخواہ سے مقابلہ ہے۔ آج سے شروع ہونے والا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ 6 ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر سینٹرل ل پنجاب کی ٹیم 5 ویں رائونڈ کے اختتام پر آخری نمبر پر موجود تھی اور اس نے ایک بھی کامیابی اپنے نام نہیں کی ہو ئی تھی ۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے متاثر کن کم بیک کرتے ہوئے اگلے 5 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ ڈرا کھیلا ، اس طرح اس نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔ فائنل میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم بیٹنگ میں عثمان صلاح الدین محمد سعد اور سعد نسیم پر انحصار کرے گی، جنہوں نے اس شعبے میں برتری حاصل کر رکھی ہے ۔ خیبر پختونخوا کے کپتان خالد عثمان نے کہا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی جو کہ ہمارے ڈومیسٹک سیزن کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے، اس کے فائنل میں ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ہماری ٹیم ٹورنامنٹ میں بڑے شاندار انداز میں نظر آئی ہے ، کھلاڑیوں نے بولنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا ہے ۔ کامران غلام اور ساجد خان کی پرفارمنس غیر معمو لی رہی ہے ۔ میں یہ بات زور دے کر کہوں گا کہ اسکواڈ میں شامل سب کھلاڑیوں نے 100 فیصد کھیل پیش کیا ہے ۔ شیڈول ٹائم میں اگر دونوں ٹیموں کی پہلی اننگز مکمل نہیں ہوتیں تو میچ کو ڈرا تصور کیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔