سال 2020: وکی پیڈیا سرچ انجن کو 39کروڑ بار وزٹ کیا گیا

617

وکی پیڈیا ایک اوپن آن لائن انسائیکلوپیڈیا کے طور پر کام کرنے والی ویب سائٹ ہے جبکہ اس کو متعارف کرانے کے پیچھے یہ خیال تھا کہ ایسا آن لائن انسائیکلوپیڈیا پیش کیا جائے جہاں کوئی بھی کسی موضوع کے بارے میں تفصیلات کو ایڈٹ کرسکے جس میں اکثر تنازعات بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔

خیال رہے 2 دہائیوں بعد وکی پیڈیا انٹرنیٹ پر تفصیلات اور علم کے حصول کے چند اہم ترین ذرائع میں سے ایک ویب سائٹ بن چکی ہے اور  یہاں تک کہ گوگل کی جانب سے اس کے نکات کو براہ راست سرچ نتائج کا حصہ بنایا جاتاہےجبکہ یوتیوب گمراہ کن ویڈیوز میں بھی وکی پیڈیا کی تفصیلات کو شامل کرتا ہے۔

وکی پیڈیا پر 2020  میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں امریکی انتخابات اور کورونا وائرس چھائے رہے جبکہ  سال 2020 کورونا وبا کے پیج  کو 8 کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ پڑھا گیا اور امریکی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیج کا 5 کروڑ 54 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا ہے۔

سال 2020 میں کتنے لوگ جان کی بازی ہار گئے اس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے 4 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد نے دلچسپی دکھائی ہے جبکہ  وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں کمالا ہیرس اور جوبائیڈن کا چوتھا اور پانچواں نمبر رہا ہے۔

کورونا وائرس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کے لیے 2020 میں  2 کروڑ 29 لاکھ 57 ہزار 565 افراد نے وکی پیڈیا سے مدد حاصل کی تھی اور یہ سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین میں چھٹے نمبر پر رہا ہے۔

امریکی لیجنڈ باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ سال 2020 میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں اپنی بیٹی کے ہمراہ ہلاک ہو گئے تھے اور سال بھر میں 3 کروڑ 28 لاکھ 63 ہزار 656 افراد نے ان کے بارے میں جاننے کے لیے وکی پیڈیا کا رخ کیا جبکہ کووڈ 19 وبا ملک اور علاقے کے لحاظ سے اس صفحے پر آنے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ 85 لاکھ 75 ہزار 982 تھی اور یہ آٹھویں نمبر پر رہا ہے۔

سال 2020 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات اور ملکہ الزبتھ دوئم وکی پیڈیا پر پڑھے جانے والے مضامین میں نویں اور دسویں نمبر پر رہے ہیں  جبکہ ان دونوں صفحات پر 2 کروڑ 43 لاکھ 13 ہزار 110 اور  2 کروڑ 41 لاکھ 47 ہزار 675 وزٹرز آئے تھے۔

واضح رہے سال 2020 میں وکی پیڈیا کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے 10 مضامین کی فہرست کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی ہےجبکہ مجموعی طور پر 39 کروڑ 60 لاکھ بار (اب تک) ان خاص مضامین کو پڑھا جاچکا ہے اور یہ حیران کن نہیں کہ 2020 میں سب سے زیادہ پڑھے جانے صفحات میں کووڈ 19 اور امریکی صدارتی انتخابات سے جڑے موضوعات ہیں۔