الجیریا: سابق صدر کی مبینہ بیٹی کو 12 سال کی سزائے قید

532

الجیریا کی ایک عدالت نے بدعنوانی کے جرم میں سابق صدر عبد لزیز بوتفلیکا کی مبینہ بیٹی کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔

اپیل کورٹ آف ٹیپازہ نے سابق صدر کی مبینہ بیٹی زولیخا ناچینچے جنہیں مایا کے نام سے جانا جاتا ہے، پر 60 لاکھ الجزائری دینار جرمانہ اور تمام جائیداد کو ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ 12 سالہ قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے بوتفلیکا کے متعدد عہدیداروں کیخلاف بھی بھاری جرمانہ اور 8 سال کی سزائے قید کا فیصلہ سنایا جو بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں جس میں سابق وزیر ٹرانسپورٹ عبد لغنی زالان اور بوتفلیکا کی صدارتی مہم کے ڈائریکٹر شامل ہیں.

اس کے علاوہ سابق وزیر محنت ، روزگار اور سماجی تحفظ محمد الغازی کو بھی دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ معاملہ بوتفلیکا کے دورِ حکومت کا ہے جب نوجوان خاتون مایا نے بوٹفلیکا کی خفیہ بیٹی ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس کا مقصد معاشی اداروں کے وزیروں سے قربت حاصل کرنا اور تاجروں کو رشوت اور تحائف کے بدلے پروجیکٹس حاصل کرنے کے قابل بنانا تھا۔