اسرائیلی فوج کے گھروں پر دھاوے ،فلسطینی کو گولی ماردی

554
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران فلسطینی رہنما کو گرفتار کرکے لے جا رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں برطعہ کے مقام پر فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق 27سالہ فلسطینی نوجوان رافت یاسر صلاح پر جنوب مغربی جنین میں فائرنگ کی گئی اور وہ ٹانگ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ اسے جنین میں سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر قابض فوج نے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں نام نہاد آپریشن اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ صہیونی فوج نے گھروں میں گھس کر نہتے فلسطینیوں، خواتین اور بچوںکو زدو کوب کیا اور توڑ پھوڑ کے ساتھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے۔ قابض فوج کی بہیمانہ مہم کے خلاف فلسطینی گھروں سے نکل آئے اور کئی مقامات پر فریقین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ گزشتہ ہفتے بھی اسرائیل فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوںمیں لوٹ مار کی تھی۔ الخلیل شہر سے 4فلسطینیوں15 سالہ ارام بسام بنات، عبداللہ حسین طافش، 16سالہ ایوب دائو بنات، 16سالہ یوسف دائود بنات کو حراست میں لیا گیا تھا۔ دوسری جانب یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اریحا کے شمال میں واقع عرب الرشایدہ کے علاقے میں فلسطینی شہری پر تشدد کیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آباد کاروں نے صہیونی فوجیوں کی مدد سے عرب الرشایدہ پر دھاوا بولا اور عمار ابو خربش نامی شہری کو زدوکوب کرکے زخمی کردیا۔ آبادکاروں اورصہیونی فوجیوں نے عرب زید کے علاقے میں کئی مکانات کو مسمار کردیا اور زیتون کے درخت اکھاڑ پھینکے۔