ناروے: تودے گرنے سے کئی افراد لاپتا‘ 500 منتقل

725
اوسلو: ناروے میں تودے گرنے سے تباہ ہونے والے گھر۔ چھوٹی تصاویر میں گہرے گڑھے نظر آ رہے ہیں

اوسلو (انٹرنیشنل ڈیسک) ناروے کے جنوبی علاقے میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ دارالحکومت اوسلو سے شمال مغرب کی جانب 40 کلو میٹر دُور ایک گاؤں میں پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جب کہ کم از کم 26 افراد لاپتا ہیں۔ اب تک کسی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے سے کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور 12 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے کے مطابق تاحال تودے گرنے کی وجہ واضح نہیں، تاہم گزشتہ دنوں اس علاقے میں شدید اور مسلسل بارش ہوئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی خراب موسم کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ لاپتا افراد کی تلاش میں تاخیر اور ملبے تلے دبے ہونے کے امکان پر ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔