کورونا ٹیسٹ کانیا طریقہ دریافت

710

ترک بلکند یونیورسٹی آف نیشنل نینو ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا ایک نیا طریقہ دریافت کر لیا۔

میڈیکل سینٹر کے مطابق نینو ٹیکنالوجی کے اس ٹیسٹ میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ صرف 10سیکنڈ میں سامنے آجاتا ہے جبکہ نتیجے کی درستگی کی شرح 95فیصد ہے۔اس جدید ٹیکنالوجی کو ڈائیگنو ویر کا نام دیا گیا ہے اور یہ ٹیسٹ پی سی آر ٹیسٹ کا متبادل ہوگا۔

یونیورسٹی کے سائنسدان عبداللہ اتالر نےکہا ہے کہ اگر کسی شخص میں کورونا وائرس موجود ہوگا تو اس ٹیسٹ کے ذریعے صرف 10سیکنڈ میں کورونا کی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔ اگر کسی شخص میں کورونا وائرس نہیں ہے تو ٹیسٹ کا نتیجہ آنے میں کچھ وقت لگے گا کیونکہ یہ ٹیکنالوجی مکمل چھان بین کے بعد رزلٹ سامنے لاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملے گی کیونکہ دس سیکنڈ میں رزلٹ آنے کے بعد متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں فوری منتقل کیا جا سکے گا۔ یہ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے علاوہ کسی بھی دوسری وبا کے لئے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

یونیورسٹی کے ایک اور سائنسدان بلند اورتاج نے کہا کہ ڈائیگنوسٹک سسٹم کی کِٹ سات ماہ کے لئے قابل استعمال ہے۔

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے فیز ٹو کے تجربات کامیاب ہوئے ہیں۔ جلد ہی یہ ٹیکنالوجی لیبارٹریز اور اسپتالوں کو فراہم کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج میں غلطی کا مارجن بہت زیادہ ہے اور اس کا نتیجہ آنے میں دو سے تین دن لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کی کمرشل پیداوار جلد ہی شروع ہو جائے گی اور اسے دیگر ممالک کو بھی برآمد کیا جا سکتا ہے۔