پنجاب سال نو: ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

483

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سال نو کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری  کردی ہیں  اور سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا حکم بھی دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو جاری ہدایات میں کہاگیا ہےکہ عوام کےجان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی اقدامات ہونے چاہئیں اور پولیس امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے پولیس جانفشانی اور تندہی سے فرائض سرانجام دے۔

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ نے حکام کو یہ ہدایت بھی کی ہےکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے جبکہ  صوبے بھر کی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات ہونے چاہئیں۔

دوسری جانب سال 2020ء کے دوران کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی منظوری دے دی ہے اور رواں سال افسروں کی تقرریاں ہوئیں، ویمن ہاسٹل اتھارٹی بنانے کا فیصلہ ہوا، کالجز میں ای روز گار سنٹرز کے قیام کی منظوری دی، پہلی سے پانچویں جماعت تک یکساں تعلیمی نصاب کا فیصلہ ہوا، سپیشل اکنامک زونز کو سپر سٹرکچر ٹیکس سے استثنیٰ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔