اسلام آباد: نیوائیر نائٹ کے موقع پر وفاقی پولیس نے سیکیورٹی پلان بنالیا

367

اسلام آباد: نیوائیر نائٹ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں آتش بازی،  ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشن وقارالدین سید کا کہنا ہےکہ وفاقی پولیس نے سیکیورٹی پلان بنا لیا ہے اور 2ہزار اہلکار ڈیوٹی پر مامورہوں گے جبکہ تمام ایس پیز  کے ساتھ ڈی ایس پیز بڑی شاہراہوں اور اہم مقامات پر خود موجود رہیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ایس ایچ اوز چھوٹی شاہراہوں اور مارکٹوں میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور  رہیں گے اور سی ٹی ڈی کے دستے داخلی و خارجی راستوں پر گشت کریں گے جبکہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے ون ویلنگ کے خلاف بھی نوٹس لے لیا ہے اور ایس ایس پی ٹریفک کو ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان  کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی ٹریفک ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف ٹیمیں تیار کریں اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے ا سپیشل ناکہ جات لگائے جائیں گے۔

واضح رہے نیوائیر نائٹ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں آتش بازی، فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ آئی جی پی اسلام آباد نے شہریوں سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔