مسلم لیگی رہنماؤں کے استعفی جعلی قرار، اسد قیصر

533

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ن لیگی رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد اعوان کے استعفے مسترد کر دیئے ہیں کیونکہ موصول ہونے والے استعفے متعلقہ ممبران کے ثابت نہیں ہوسکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے رولنگ دی ہےکہ دونوں اراکین نے استعفوں کی تصدیق نہیں کی اور اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کو جعلی قرار دے دیا ہے جبکہ رولنگ میں کہا گیا کہ موصول ہونے والے استعفے متعلقہ ممبران کے ثابت نہیں ہوسکے اور استفعوں پر کارروائی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی عمل میں لائی گئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ استفعوں کی تصدیق نہیں ہو سکی لہذا ان پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں ہے جبکہ استعفوں کا فرانزک آڈٹ کے معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے دو ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا تھا جبکہ دونوں ن لیگی ارکان نے اپنا جواب سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع  کرادیا ہے۔

واضح رہے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 7 روز میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں استعفے منظور ہونے کا کہا تھا جبکہ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اگر مزید استعفے آتے ہیں تو قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔