بریگزٹ ،یورپین یونین اور برطانیہ میں حتمی معاہدے پر دستخط

373
برسلز: یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اور کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر بریگزٹ تجارتی معاہدے پر دستخط کے بعد دستاویز دکھا رہے ہیں

برسلز؍ لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپین یونین کے رہنما نے برطانیہ کے ساتھ طے پانے والے تجارت اور تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بریگزٹ کے بعد حالات سے متعلق فریقین کے درمیان تنازع حل ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا، تاہم اچانک پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1200صفحات پر مشتمل دستاویزات کو ایک ہی دن میں منظور کرلیا گیا۔ یورپین یونین کی جانب سے یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن اور یورپین کونسل کے صدر چارلس میشیل نے دستخط کیے، جس کے بعد یہ معاہدہ رات 11بجے نافذ العمل قرار دے دیا گیا۔ برسلز میں منعقد ہونے والی تقریب میں فریقین نے 3معاہدوں کی دستاویزات پر دستخط کیے،جن میں ایک تجارت و باہمی تعاون، دوسرا سیکورٹی و کلاسیفائیڈ معلومات کے تبادلے اور تیسراجوہری توانائی سے متعلق ہے۔ تقریب ختم ہونے کے بعد دستاویزات لندن روانہ کر دی گئیں اور اب ان پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی دستخط کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ برس یورپی یونین سے اخراج کے بعد بھی برطانیہ یورپی مارکیٹ میں شامل تھا۔ طویل مذاکرات کے بعد طے پانے والی بریگزٹ ڈیل کی 1200صفحات پر مشتمل دستاویز ات پر برطانوی ارکان نے پارلیمان میں بدھ کے روز بحث کے بعد توثیق کردی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کو پارلیمان کی توثیق حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کیوں کہ انہیں پارلیمان میں واضح برتری حاصل ہے۔ دستاویز ات کی یورپی پارلیمان کی طرف سے منظوری لی جائے گی،تاہم فوری طور پر ایسا ممکن نہیںتھا۔اس لیے آیندہ پارلیمانی اجلاس میں اس کی منظوری اور توثیق کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ بورس جانسن نے پارلیمان میں بریگزٹ ڈیل کی منظوری کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک یورپی یونین کا گرم جوش ہمسایہ، بہترین دوست اور مضبوط اتحادی رہے گا۔