یورپی یونین اور بیجنگ میں سرمایہ کاری مذاکرات مکمل

332
بیجنگ/ برسلز: چینی صدر شی جن پنگ یورپی یونین اور رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ اقتصادی امور پر مذاکرات کررہے ہیں

برسلز؍ بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فریقین کے درمیان تجارتی مذاکرات میں چین کی جانب سے خود صدر شی جن پنگ نے نمایندگی کی۔یورپی یونین کی جانب سے یورپی کونسل کے صدر چارلس میشیل، یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن، جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے شرکت کی۔ دونوں جانب سے نمایندوں نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے حتمی مذاکرات اور بعدازاں اپنے بیانات میں اس کی تصدیق بھی کی۔ دوسری جانب بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع میں پیش رفت نہیں ہوسکی۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چین سے سفارتی و فوجی مذاکرات کا کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین سرحدی صورتحال پر پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں اور مذاکرات کا ایک اور دور بھی اپنے انجام پر پہنچنے والا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت اور چین کی افواج، سفارتی اور سیاسی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار ہو چکے ہیں۔ ان میں گزشتہ ماہ ماسکو میں وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان بات چیت بھی شامل ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بات چیت کے دوران سرحد پر حالات پرسکون ہیں اور رواں ماہ کے دوران کوئی نئی جارحیت کی اطلاع نہیں ملی۔ 10 ستمبر کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل فوجی سطح کے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں افواج کو سرحدی تنازع سے دستبردار ہوجانا چاہیے اور مناسب فاصلہ رکھ کر کشیدگی کو کم کرنا چاہیے۔تاہم بعد ازاں وزرائے خارجہ نے فوجیوں، توپ خانوں، ٹینکوں اور لڑاکا طیاروں سے دستبرداری کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ ماہرین نے بار بار خبردار کرچکے ہیں کہ لداخ سے باہر کسی بھی سمت میں جارحیت فریقین کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔