غزہ کے قریب اسرائیلی فوج کی جنگی مشقیں جاری

304
مغربی کنارہ: قابض صہیونی فوج فلسطینیوں کے باغات اجاڑ رہی ہے ، چھوٹی تصویر مسمار کردہ املاک کی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے قریب عسقلان شہر میں بڑے پیمانے پرفوجی مشقیں شروع کررکھی ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی فلسطین میں جاری اسرائیلی فوج کی مشقیں آج جمعرات کی شام ختم ہوں گی۔ عبرانی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مشقوں میں اسرائیل کی بری اور بحری فوج حصہ لے رہی ہے۔یہ مشقیں رواں سال کے دوران فوج کی جنگی تیاریوںکے حوالے سے ہونے والی مشقوں کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں منگل کے روز اسرائیلی فوج کے سرچ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ قابض فوج نے گھروں میں گھس کر نہتے فلسطینیوں، خواتین اور بچوںکو زدو کوب کیا اور گھروں میں قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ تلاشی کے دوران گھروں میں موجود نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے گئے۔ دریں اثنا قابض فوج نے مغربی کنارے میں اچانک دھاوا بولا اور فلسطینی زرعی زمینوں کو بھاری مشینری کے ذریعے اجاڑ دیا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی بلدیہ نے فلسطینیوں کے مکانات کو بھی غیر قانونی قرار دے کر مسمار کردیا۔