چولستان کی صحرائی گرم ریت میں پکنے والی روٹی کیا ہے؟

1039

ریت میں پکتی چھلی تو سب نے دیکھی ہوگی مگر ریت پر پکی روٹی کبھی نہیں دیکھی ہوگی جبکہ چولستان کی صحرائی گرم ریت میں پکنے والی روٹی سب کے لیے  غیر متوقع  ہوسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہرعلاقے کی کوئی نہ کوئی  سوغات ہوتی ہے اور کھانے پینے کے حوالے سے چولستان کی ویسے تو بےشمار سوغاتیں ہیں مگر ایک نرالی  سوغات ریت پر پکنے والی صحرائی روٹی ہے جسے مقامی زبان میں کوکی بھی کہا جاتا ہے۔

گرم ریت میں روٹی پکانے کے لئے توے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی جبکہ لکڑیاں جلا کرریت گرم کی جاتی ہے اور پیڑے سے روٹی بنائی اور تپتی ریت میں اسےرکھ دیا جاتا ہے۔

بیس سے پچیس منٹ میں گرما گرم کوکی پک کر کھانے کے لئے تیارہوجاتی ہے جبکہ ریت میں پکی کوکی کی لزت ایسی کہ ہرکوئی کھاتا جائے مگر اسکا پیٹ بھرنے کا نام نہ لے ۔

چولستان میں ریت پر روٹی بنانے والے نان بائی  نذیر احمدکا کہنا ہے کہ ہم یہاں کوکی بناتے ہیں سب سے پہلے ریت کو گرم کرتے ہیں اوراس کے بعد اس پر روٹی پکالی جاتی ہے۔

خیال رہے چولستان میں خاص مہمانوں کی تواضح بھی اس روایتی روٹی سے کی جاتی ہے اور چولستان کے رہائشی لیاقت علی کا کہنا تھا کہ ان کے ہاں مہمان آتے ہیں تو وہ  صحرائی روٹی کوکی کی فرمائش کرتے ہیں جبکہ  برگر اورپیزہ کھانے والے بھی کوکی کے دیوانے ہیں ۔

دوسری جانب شہر کے شور سے دور شہری سکون کے لئے صحرا آتے ہیں تو وہ لذت اور ذائقے سے بھرپور صحرائی روٹی سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ کئی لوگ دوست احباب کو یہ روٹی سوغات کے طور پر بھی پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے بھاری بھرکم لیکن غذائیت سے بھرپور جسے دیکھتے ہی پیزا کا گمان ہونے لگتا ہے اور ریت پر تیار کی جانے والی صحرائے چولستان کی یہ سوغات کوکی ہے جبکہ خاص دکھنے والی اس روٹی کی تیاری بھی عام نہیں آٹا گوندھ کر پیڑا بناؤ پھر ریت پر دہکتے کوئلوں میں دباؤ اور بس پھر تھوڑا سا انتظار اس کے بعد ریت کی خوشبو والی کوکی (روٹی) تیار ہو جاتی ہے۔

یہ روٹی صرف چولستان کی سوغات ہی نہیں بلکہ دوران ہجرت بھوک مٹانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے اور اس کو دودھ کے ساتھ کھائیں، دیسی گھی اور شکر ڈال کر چوری بنائیں یا پھر سادہ ہی تناول فرمائیں،  یقینناً یہ روٹی صحرائی باشندوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔