عوام کے بوجھ میں مزید اضافہ،بجلی 1 روپے 6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

362

اسلام آباد:حکومت نے عوام پر مہنگائی کے بوجھ میں مزید اضافہ کرتے ہوئے بجلی 1روپے 6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی.جس سے عوام پر 8 ارب 40 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا.

چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں اتھارٹی نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی اکتوبر اور نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ سی پی پی اے کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فرنس آئل سے بجلی پیداوار پر 15 ارب روپے کی کٹوتی ہوچکی ہے، اگر فرنس آئل والے پلانٹس نہیں چلانے تو پھر ان کو میرٹ آرڈر سے ہٹا کر بند کر دیا جائے، اکتوبر میں 650 کی بجائے 627 ایم ایم سی ایف ڈٰی گیس فراہم کی گئی۔نیپرا حکام کے مطابق ایل این جی کی کمی کے باعث پلانٹس فرنس آئل پر چلائے گئے.

وائس چیئرمین نیپرا سیف اللہ چھٹہ نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت لوڈشیڈنگ کرنے کے حق میں نہیں کیونکہ یہ گھریلواور صنعتی صارفین کے لیے سود مند ثابت نہیں ہوتی،اس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ 19 ارب روپے کا فرنس آئل استعمال کیا گیا،اگر 1 ارب روپے سسٹم کو بہتر بنانے میں خرچ کیے جاتے تو یہ زیادہ بہتر تھا.

نیپرا نے سماعت مکمل ہونے پر اکتوبر، نومبر 2020 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1روپے6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی