اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کر رہی ہے، فیصل جاوید

406

(اسلام آباد): پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان  نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کر رہی ہے،ان کا واحد مقصد اپنے کرپشن کیسز  کو بند کروانا ہے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک کا واحد مقصد لندن فلیٹس اور سرے محل کے کیسز کو بند کروانا ہے،اس عمل کے لیے یہ پہلے ہی سارے ہتھکنڈے استعمال کرچکے ہیں،یہ چاہے جتنا بھی زور لگالیں حکومت انہیں کبھی این آر او نہیں دے گی۔

انہوں کہا کہ ملکی مفاد کی خاطر اپوزیشن سے ڈائیلاگ کرنے پر تیار ہیں،مگر شرط یہ ہے کہ اس میں ایجنڈا صرف ملکی مسائل ہوں ناکہ کرپشن کیسز۔اپوزیشن نے جلسے کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے ان کے جلسے کورونا کے پھیلنے کا سبب بنے ہیں.

واضح رہے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پہلے ہی حکومت سے کسی بھی قسم کے ڈائلاگ کرنے کی مخالفت کرچکی ہیں جبکہ مسلم لیگ کے جنرل  سیکرٹری احسن اقبال نے بھی کہا تھا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ان ایونوں کی اہمیت اب ختم ہوچکی ہے،اب کسی قسم کے ڈائیلاگ کی گنجائش نہیں ،ملک مفاد کے لیے  یہی بہتر ہے کہ حکومت گھر چلی جائے.