میری گرفتاری کے پیچھے سو فیصد عمران خان کا ہاتھ ہے، خواجہ آصف

309

لاہور: رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ میری گرفتاری کے پیچھے سو فیصد عمران خان کا ہاتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف کی گرفتاری کےخلاف مذمتی قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے۔

جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ یہ ایوان خواجہ آصف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور خواجہ آصف جمہوریت پسند اور آئین کی بالادستی کے حامی ہیں جبکہ نیب نے ایک جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں خواجہ آصف کو گرفتار کیا ہے اور نیب حکومت کے مخالفین کوچن چن کر گرفتار کررہا ہے۔

متن میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ نیب سے سیاستدان، بزنس مین سمیت ہر شعبے سے وابستہ لوگ پریشان ہیں جبکہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف کو فی الفوری رہا کیا جائے۔

دوسری جانب احتساب عدالت سے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہناتھا کہ کوئی بات نہیں اوپر والا دیکھ رہا ہے اور میری گرفتاری کے پیچھے سو فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں جبکہ اب بہت کیس چلیں گے ، نیب کا قانون اب ایسا ہی رہے گا۔

واضح رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ روز خواجہ آصف کواسلام آباد سے گرفتار کیا تھا اور ان پر ناجائز اثاثوں کا الزام ہے جبکہ نیب لاہور کے مطابق خواجہ آصف کی گرفتاری کے وارنٹ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے جاری کئے گئے تھے۔