ماؤنٹ مونگنئی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی

494

ماؤنٹ مونگنئی: پاکستان ٹی20 کے بعد ایک بار پھر ٹیسٹ کے امتحان میں بھی فیل ہوگئی، پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو101رنز سے شکست دیدی ہے جس کے بعد کیویز کو ٹیسٹ سیریز میں‌ قومی شاہینوں پر 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستانی بلے بازوں نے نیوزی لینڈ کے بولرز کے خلاف سخت مزاحمت کی تاہم فواد عالم، محمد رضوان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد پاکستان کو میچ بچانا مشکل ہوگیا جبکہ فواد عالم نے 11 سال 5 ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری بنائی ہے۔

میچ کے پانچویں دن جب پاکستان نے 3 وکٹ پر 71رنز سے کھیل شروع کیا تو اظہر علی 4 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے جس کےبعد نیوزی لینڈ کے بولرز کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن ہوگیا۔

فواد عالم اور محمد رضوان نے عمدگی اور محتاط انداز سے بیٹنگ جاری رکھی، کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 137 رنز تھا، اس سیشن میں دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 62رنز کی شراکت قائم کی ۔

کھانے کے وقفے کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان کی مزاحمت جاری رہی، فواد عالم نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کیلئے سنچری شراکت بھی قائم کی۔

خیال رہے دوسرے سیشن میں فواد عالم اور رضوان نے 78رنز کا اضافہ کیا، چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 215رنز تھا، فواد عالم 13چوکوں کی مدد سے 94 اور محمد رضوان 45رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، پاکستان کو جیت کیلئے مزید158رنز کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب چائے کے وقفے دن کے آخری سیشن کا کھیل شروع ہوا تو فواد عالم نے 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی وہ 102 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، جبکہ رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگ کھیلی۔

فواد اور رضوان کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوجانے کے بعد یاسر شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوگئے جس کے بعد قومی ٹیم ایک بار پھر سے مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔

فہیم اشرف بھی 19 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے، محمد عباس آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے وہ ایک رن بنا سکے جبکہ پاکستان کی 271 کے اسکور پر گرنے والی آخری وکٹ نسیم شاہ کی تھی وہ ایک رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

واضح رہے نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ 101 رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔