یورپین ملک کروشیا زلزلے سے لرز اٹھا، 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی

588

زغرب: یورپین ملک وسطی کروشیا میں شدید زلزلے کے نتیجے میں7افراد جاں بحق اور20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کروشیا کے دارالحکومت زغرب کے جنوب مشرق میں واقع ایک قصبے پیٹرینجا میں زلزلے کی شدت 6اعشاریہ4ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

کروشیا میں آنے والے زلزلے  کے جھٹکے ملک کے ہمسایہ سربیا، بوسنیا اور ہرزیگووینا اور آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی محسوس کیے گئے، زلزلہ آنے سے لوگوں کے روز مرہ کے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔

کروشیا کے وزیر دفاع ٹومو میڈو  کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثر افراد کی مدد کے لیے ریسکیوں ٹیمیں کام کررہی ہیں، زخمیوں کو بھی فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔