کراچی ٹریفک پولیس: خون میں شراب کی مقدار جانچنے کے لیے آلات منگوانے کا فیصلہ

291

کراچی: شراب نوشی کی روک تھام کے لئے کراچی ٹریفک پولیس نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی آلات منگوانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نشےکی حالت میں گاڑی چلانے پر نہ صرف چالان بلکہ گرفتاری بھی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پولیس کو اب نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے بارے میں پتہ لگانے کے لیے روایتی طریقوں کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ صوبے میں قانون نافذ کرنے والا ادارہ مشتبہ ڈرائیورز میں شراب نوشی پتا لگانے کے لیے سانس کے ذریعے خون میں الکحل کی مقدار جانچنے کا آلہ (بریتھلائزر) حاصل کر رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں شراب پی کر گاڑی چلانے سےحادثات میں اضافہ دیکھا جارہاہے، اس کی روک تھام کے لئے آلات (بریتھلائزر) منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اپنے ٹریفک مینجمنٹ ادارے کے لیے تقریباً 90 بریتھلائزر حاصل کر رہی ہے جس کو پہلے کراچی کے مختلف علاقوں میں استعمال کیا جائے گا اور پھر صوبے کے دیگر اضلاع تک اس کی توسیع کی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بریتھلائزر مشین سے ڈرائیور کا ٹیسٹ لیاجاسکے گا، جس کی مدد سے یہ جانچا جائے گا کہ حادثے کے وقت مذکورہ شخص نے شراب پی رکھی تھی یا نہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس کو الکوحل ٹیسٹر مشین کا نمونہ موصول ہوگیا ہے، ابتدائی طور پر نوے کٹس منگوانے کے لئے ٹینڈر تیار کیا ہے، بریتھلائزر مشین کی منظوری کمیٹی دے گی، نشےکی حالت میں گاڑی چلانے پر نہ صرف چالان بلکہ گرفتاری بھی ہوگی۔