خراب موسم: پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول متاثر

320

اسلام آباد: موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر اور پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گردونواح میں شدید دھند ہے، آئندہ چند روز پی آئی اے کا فلائیٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ رہے گا، اندرون ملک پروازیں حد نگاہ بہتر ہونے کی رپورٹ پر چلائی جائیں گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق  غیرملکی پروازیں حدنگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ایئرپورٹ پر اتاری جائیں گی،  آج کچھ پروازیں متبادل ایئرپورٹ پر اتاری بھی گئی ہیں اور فلائیٹس تاخیر سے روانہ ہوں گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دمام سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 9248 کو اسلام آباد اتارا گیا، پرواز 10 بج کر 25 منٹ پر لاہور روانہ ہوگئی جبکہ مدینہ سے ملتان جانے والی پی کے9716 کو کراچی اتارا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز 10:30 بجے کراچی سے ملتان روانہ ہوگی، ملتان سے مدینہ جانے والی پروازپی کے9715 تین گھنٹےتاخیر سے روانہ ہوگی۔

اسی طرح  مدینہ سے لاہور کی پرواز پی کے 9748 ساڑھےتین گھنٹے تاخیر سےروانہ ہوگی جبکہ  کراچی سےفیصل آباد کی پرواز پی کے340 ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوگی۔

ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق فیصل آباد سے کراچی آنے والی پی کے 341 کی روانگی میں 45 منٹ کی تاخیر ہوگی۔

ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق  تمام مسافروں کو ان کے درج شدہ نمبرز پر مطلع کیا جا رہا ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹس جانے سے پہلے کال سینٹر سے پروازوں سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔