ایران جنگی سازوسامان عراق منتقل کرنے میں مصروف

438
منامہ/ کویت سٹی: خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل شاہِ بحرین اور امیر کویت کو شاہ سلمان کا دعوت نامہ پہنچا رہے ہیں

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیجی ملک کویت کے اخبار ’’القبس‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب عسکری ساز و سامان عراق منتقل کر رہے ہیں۔ اخبار کے مطابق پاسداران نے اس دوران مختصر فاصلے تک مار کرنے والے آرش میزائلوں اور ایرانی ساختہ ڈرون طیاروں کو عراق پہنچایا ہے۔ اخبار نے مزید بتایا کہ مذکورہ میزائل دراصل پاسداران انقلاب کے پاس ہیں، جب کہ ڈرون طیاروں کو عراق کے جنوبی صوبوں میں سخت حفاظتی پہرے میں رکھا گیا ہے۔ القبس کے مطابق ایران کے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کو دو مرحلوں میں عراق منتقل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں انہیں تہران سے القدس فورس کے زیر انتظام الکوثر عسکری کیمپ منتقل کیا گیا، جو اہواز کے مغرب میں واقع ہے۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں انہیں سرحدی گزر گاہ شلمجہ کے راستے عراق پہنچایا گیا۔ اگرچہ میزائلوں اور ڈرون طیاروں کو ایران نواز عراقی ملیشیاؤں کے عسکری کیمپوں میں رکھا گیا ہے، تاہم ان کی نگرانی القدس فورس کے زیر انتظام ایرانی عناصر کے پاس ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج انکشاف کر چکی ہے کہ ایران نے خطے میں بالخصوص عراق اور یمن میں صلاحیتوں کو وسیع کیا ہے، جن میں جدید ڈرون طیارے اور دور سے داغے گئے میزائل شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان جنرل ہائڈی زیلبرمین نے کہا تھا کہ اسرائیل خطے میں تہران کے تصرفات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور اسے توقع ہے کہ ایران کا کوئی بھی ممکنہ حملہ عراق اور یمن سے ہو گا۔