لبنان میں شامی پناہ گزینوں کا کیمپ جل کر تباہ

334
لبنان: آتش زدگی سے بے گھر ہونے والے شامی پناہ گزین اپنا بچا کچھا سامان تلاش کررہے ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان میں فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شامی پناہ گزینوں اور ان کے ایک مقامی آجر کے درمیان لین دین کے حوالے سے جھگڑے کے بعد کیمپ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ اور لبنان کے حکام نے بتایا کہ آتش زدگی کے نتیجے میں تقریبا 300 شامی مہاجرین کو وہاں سے مجبورا ً نکلنا پڑا۔ پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ المنیہ علاقے میں واقع جس کیمپ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا اس میں شام سے آنے والے تقریباً 75 پناہ گزین خاندان مقیم تھے۔ لبنانی فوج آگ لگنے کی وجوہات کی تفتیش کرنے کے ساتھ مبینہ طور پر آتش زدگی میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مار رہی ہے۔ اس دوران فوجی حکام نے جاری تحریری بیان میں بتایا ہے کہ مہاجر کیمپ کو نذر آتش کرنے والے افراد اور 6 شامی مہاجرین کو پوچھ گچھ کے لیے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اور مشکوک افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیمپ میں 375 پناہ گزین رہتے تھے، جن میں سے صرف 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ آگ کی وجہ سے کیمپ میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکے بھی ہوئے۔