اسلام آباد کا اگلا میئر کون ہوگا؟ پولنگ جاری

325

اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل صبح شروع ہوگیا ہے اور پولنگ مئیر آفس میں شام5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا اگلا میئر کون ہوگا اس کا  فیصلہ آج ہوجائے گا جبکہ میئر کے انتخاب کیلئے 73 ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور پہلا ووٹ یوسی 35 کے چیئرمین ملک محمد رفیق نے کاسٹ کیا۔

پولنگ کا آغاز مئیر آفس میں صبح 9 بجے شروع ہوا ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفےکے جاری رہے گی جبکہ میئر کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 3امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں پیرعادل شاہ نون لیگ، ملک ساجد محمود پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں اور اظہر محمود آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب ریٹرنگ افسر نعیم احمدکاپولنگ کے آغاز سے قبل کہناتھاکہ پولنگ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں اور میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد آفس کی عمارت میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے اور عمارت میں واقع تمام دفاتر مین آج چھٹی دی گئی ہے۔

خیال رہے میئراسلام آباد کےانتخاب کے لیے الیکٹورل کالج 80 کا ہے جس میں اسلام آبادکے 50 یوسی چیئرمین، 3 ڈپٹی میئرز ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ 17مخصوص نشستوں کے عہدیداران بھی میئر کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

واضح رہے اسلام آباد کے سابق میئر شیخ انصر عزیز کے استعفے کے بعد مئیر کی نشست خالی ہوئی تھی جبکہ شیخ انصر عزیز کا تعلق اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ( ن ) سے رہا ہے اور انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو شکست دی تھی۔