نئے کورونا وائرس کاخطرہ، پاکستان سمیت 18 ممالک تک جاپہنچا

418

عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم برطانیہ کے بعد اب دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ برطانیہ میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیس سوئیڈن، کینیڈا، اسپین، جاپان سمیت 15ملکوں تک پہنچ گئے ہیں۔

 بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس نئے وائرس کے باعث کرسمس کے موقعے پر انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں رہنے والے لاکھوں افراد کے لیے ٹیئر فور یعنی چوتھے درجے کی سخت پابندیاں متعارف کروائیں گئی ہیں جبکہ متعدد یورپی ممالک نے برطانیہ کے ساتھ مختلف دورانیہ پرمشتمل سفری پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔

نئے انفیکشن سے متعلق حکومتی مشیروں کو کسی حد تک یقین ہےکہ وائرس کی دوسری مختلف اقسام کے مقابلے میں، یہ زیادہ آسانی سے منتقل ہوتا ہے جبکہ انگلینڈ میں وائرس کی جس قسم کا وجود ہی نہیں تھا اب وہ وائرس دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے کچھ حصوں میں تیزی سے پھیل گیا ہے۔

نئے وائرس پر قابو پانے کےلئے یورپ کے مختلف ممالک میں طبی عملے اور کیئر ہوم کے مکینوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا اور قبرص اور عمان میں بھی کورونا ویکسی نیشن شروع کردی گئی جبکہ فرانسیسی حکومت تیسرے لاک ڈاؤن پر غور کررہی ہے اور ادھر سڈنی میں لوگ سالِ نو کے جشن کے لیے حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب نئے وائرس کے سلسلے میں پاکستان کی بات کی جائے تو پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ابھی سائنسی شواہد نہیں کہ برطانیہ سے کوروناکا وائرس پاکستان آیاہو جبکہ حالیہ دنوں میں برطانیہ سے آئے افرادکا ڈیٹا مقامی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرزکو دے دیا گیا ہے اور برطانیہ سے آئے افرادکو ٹریس کرکے ٹیسٹ کیا جارہا ہے، بہت سارےلوگ ٹریس ہوگئے ہیں اور ان کےٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے  یہ نئی قسم تیزی سے وائرس کے پرانے ورژن کی جگہ لے رہی ہے اور وائرس کی ہیت تبدیل ہو رہی ہے جو وائرس کے سب سے اہم حصے کو متاثر کر رہی ہے جبکہ ان میں سے کچھ تغیرات کو پہلے ہی لیب میں دکھایا جا چکا ہے جو خلیوں کو متاثر کرکے وائرس کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں۔

واضح رہے   سب چیزوں سے مل کر ایک ایسا وائرس بنتا ہے جو آسانی سے پھیل سکتا ہےاور دنیا بھر کی طرح  اٹلی میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس کے پیش نظر لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اٹلی  کی حکومت نے کورونا وائرس  کی دوسری لہرکا سامنا کرتے ہوئے آنے والی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومتی اعلان کے مطابق  لوگوں کو صرف کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کچھ مراعات دی جائیں گی جس میں میلے کے دوران صرف دو مہمانوں کو بلائے جانے کی اجازت ہو گی۔