وباؤں سے نمٹنے کے لیے ابن خلدون کی تصنیفات سے استفادے کی ضرورت ہے، ماہرین

631

کراچی: عالمی وباؤں سے نمٹنے کے لیے معروف اسلامی مؤرخ اور محقق ابن خلدون کی تصنیفات اور تحریروں سے سیکھنے کی ضرورت ہے ہے جو یہ سمجھتے تھے کہ عالمی سطح کی وبائیں تہذیبوں کو تبدیل کردیتی ہیں، ابن خلدون کا کہنا تھا کہ وباؤں سے بچنے کے لیے حکمرانوں کو صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور پبلک ہیلتھ پر توجہ دینی چاہیے، ابن خلدون دنیا کے چند بہترین ماہرینِ عمرانیات میں سے ایک تھے جنہوں نے نے آنے والی نسلوں کو گڈ گورننس اور بہترین حکمرانی کے اصول سکھائے۔

ان خیالات کا اظہار ماہرین نے ابن خلدون کی تحریروں اور اقوال پر مشتمل موضوعاتی کیلنڈر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

موضوعاتی کیلنڈرکا اجراء جہان مسیحا ادبی فورم نے کیا ہے، جو اب تک بائیس موضوعاتی کلینڈر جاری کر چکا ہے جن کے موضوعات میں حیات حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، مرزا غالب، مولانا روم رحمتہ اللہ علیہ، علامہ اقبال سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

ابن خلدون کی تصنیفات اور اقوال پر مشتمل موضوعاتی کیلنڈر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور معروف محقق و شاعر خواجہ رضی حیدر کا کہنا تھا کہ ابن خلدون چودہویں صدی میں آنے والی طاعون کی وبا میں اپنے والدین سے محروم ہوگئے تھے، چودھویں صدی کی طاعون کی وبا کے نتیجے میں کروڑوں لوگ جاں بحق ہوئے، ابن خلدون نے ان عوامل پر تحقیق کی جس کے نتیجے میں اتنے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور اپنی کتابوں میں تجاویز پیش کی کہ حکومتوں کو پبلک ہیلتھ، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام پر توجہ مرکوز کرنے اور وسائل خرچ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وباؤں سے بچا جاسکے اور انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

خواجہ رضی حیدر کا کہنا تھا کہ جہان مسیحا ادبی فورم اور دوا ساز ادارہ فارم ایوو کے تحت موضوعاتی کیلنڈرکے اجراء کا مقصد تعلیم کا فروغ اور صحت مند معاشرے کا قیام ہے۔

معروف فارماسسٹ اور دوا ساز ادارے فارم ایوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ بہترین معیار کی ادویات کی تیاری اور فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں علم و ادب کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف موضوعات پر کیلنڈر تیار کروا رہا ہے جس کے لیے لیے مہینوں تحقیق کی جاتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے وہ باقاعدگی سے کتب میلوں کا انعقاد اور مشاعرے منعقد کرواتے ہیں تاکہ ڈاکٹروں اور عام لوگوں کو علم و فنون کی طرف راغب کیا جا سکے۔

تقریب سے معروف ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق، معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر شبین ناز مسعود، ماہر امراض اطفال پروفیسر جمیل اختر سمیت منصور خان اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔