فخرزمان کو’ لیفٹیننٹ’ کا اعزازی رینک تفویض

375

پاکستانی کرکٹرفخر زمان کو پاک بحریہ میں لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا۔ فخر زمان نے 2007 میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اپنے کیریئر کے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کیلیے متعدد اعزازات حاصل کیے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 2012 میں آسٹریلیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ میں فخر زمان نے پاک بحریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فخر زمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِ تحسین سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ فخر زمان بین الاقوامی کرکٹ میں بھی اب تک متعدد ریکارڈز بنا چکے ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاک بحریہ ملک میں مختلف کھیلوں کے فروغ کیلیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کھلاڑیوں کی معاونت کرتی رہے گی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران کے علاوہ سابق کرکٹرز اور فخر زمان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔