کراچی سمیت ملک بھر میں یخ بستہ ہواؤں کا راج برقرار

515

کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج برقرار ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور سرد ہواؤں کی انٹری ہوچکی ہے جبکہ آج سے شروع ہو نے والی سردی کی لہر جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت 7 ڈگری تک گِرسکتا ہے اور آج سے شروع ہو نے والی سردی کی لہر جمعے تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہےکہ کراچی میں پیر سے شدید سردی پڑے گی اور درجہ حرارت اتنا گرے گا کہ 7 سال کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا جبکہ 10 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے دن میں موسم خشک  اور رات کو سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند دنوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف علاقوں میں سرد موسم کا راج ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے کان مہترزئی کا پارا منفی 10تک گرگیا ہے اور چمن میں اس سال سردی کا 7سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ملی میٹر اور ضلع کرم میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 بنوں میں 3 جبکہ پارہ چنار میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وادی زیارت وگردنواں میں سردی کی لہر برقرار ہے اوریخ بستہ ہوائیں چلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوگیاہے جبکہ زیارت میں شدید سردی کی وجہ سے آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ریکارڈ کیاگیا  مگر شدید سردی میں گیس پریشر مکمل طور پر معطل ہے جس کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔