پاکستان کرسچن ویلفیئرسوسائٹی کے تحت کرسمس کی تقریب

206

پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں ہر سال کی طرح رواں برس بھی پاکستان کرسچن ویلفیئر سوسائٹی (پی سی ڈبلیو ایس) کے زیراہتمام کرسمس کے موقع پر دعائیہ اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹوتھے۔ تقریب میں کورونا کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر محدود تعداد میں مسیحی برادری نے شرکت کی۔ سوسائٹی کے نائب صدر پیٹرک فلک شیر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور مسیحی برادری کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان، قونصل جنرل خالد مجید، قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عملے کی جانب سے مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کرسچن سوسائٹی جدہ کے ارکان کو اپنے اور پاکستان قونصلیٹ کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل پاک میڈیا گروپ کے صدر نورالحسن گجر، محمد عرفان، پاکستان جنرنلسٹس فورم کے جمیل راٹھور اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے مسیحی برادری کی خدمات مثالی رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میڈیا گروپ کرسچن کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرے گا۔
کرسچن سوسائٹی کے صدر پرویز یوسف مسیح نے اپنے خطاب میں حاضرین کو تہوار کی مبارک باد دیتے ہوئے سفیر پاکستان راجا علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض جان گلزار نے ادا کیے۔