تبدیلی سرکار نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر ملک کو تباہ کردیا،سراج الحق

317
حیدرآباد: مشائخ فیڈریشن کے مرکزی صدر پیر سید غلام محی الدین عرف جانی شاہ کیجانب سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر مہمانان کے ہمراہ گروپ فوٹو

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) علماو مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے تحت ’’ تحفظ ختم نبوت و ناموس اہلبیتؓ و عظمت صحابہ کرام ؓکانفرنس ‘‘ کے کامیاب انعقاد پر علماو مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی صدر پیر سید غلام محی الدین عرف جانی شاہ کی جانب سے حسینی ہائوس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتما م کیا گیا۔ آستانہ عالیہ کوٹ مٹھن شریف کے خواجہ محی الدین کوریجا،علماو مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی صدر میاں مقصود،جنرل سیکرٹری پیربرہان الدین پیرزادہ،سید ایسوسی ایشن سندھ کے صدر وسابق رکن قومی اسمبلی سید شہاب الدین شاہ حسینی،چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی، جماعت اسلامی کے مرکزی وصوبائی رہنما اسداللہ بھٹو،محمد اصغر، حافظ نصراللہ عزیز چنا،کاشف شیخ، عبدالحفیظ بجارانی،حافظ طاہرمجید،عقیل احمد خان، زین لغاری،مجاہد چناو دیگر علماو مشائخ بھی شریک تھے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ریاست مدینہ اور تبدیلی کے نعروں پر دھوکا دیا گیا۔ زراعت، صنعت، تعلیم و صحت تباہی کے دہانے پر ہیں، عدالتوں اور تھانوں میں غریبوں کی کوئی شنوائی نہیں۔ کورونا وبا کے دوران حکومت نے لوگوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا، اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کے لیے سہولتیں میسر ہیںاور نہ ہی مریضوں کا کوئی پرسان حال ہے۔ اسلامی جمہوری نظام کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔مشائخ عظام جماعت اسلامی کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔عوام توبہ و استغفار اور رجوع اللہ کا راستہ اختیار کریں کیوںکہ اللہ عزوجل کے رحم اور مدد کے بغیر بیماری سے نجات ممکن نہیں،اسلامی نظام ہی پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔