نیب قوانین پر اپوزیشن سے بلیک میل نہیں ہونگے،شاہ محمود قریشی

2178

ملتان(اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں تبدیلی کی گنجائش ہے ِلیکن اس کے قوانین میں تبدیلی کے لیے اپوزیشن سودے بازی کی جوکوشش کررہی ہے ایسا نہیں ہوسکتا۔حضرت شاہ رکن سہروردی کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے بعد بدھ کو میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تحریکیں پولیس کے ذریعے روکی نہیں جاسکتیں ہم سیاسی کارکن ہیں اورسیاسی طورپرہی پی ڈی ایم کا مقابلہ کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پی ڈی ایم کے لاہو رجلسہ میں کسی رکاوٹ کیخلاف تھے ، اسی طرح ملتان میں بھی ان کو اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے دیاجاتاتو یہ غازی رہتے نہ ہی شہید بن سکتے تھے ،اگر پی ڈی ایم والوں کو استعفے دینے ہیں تو اسپیکرز کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی اپنے اندرونی مسائل میں الجھی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہمارے بھارت کے ساتھ رابطے کی گنجائش نہیں ہے، بھارت نے پاکستان کیخلاف کوئی قدم اٹھایاتوجواب کتنا سخت ہوگااس کو اندازہ ہے۔