پاکستانی نژاد برطانوی واجد خان ہاؤس آف لارڈز کے رکن تعینات

441

مانچسٹر: برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان واجد خان ہاؤس آف لارڈز کے رکن تعینات ہوگئے، ملکہ برطانیہ نے واجد خان کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جبکہ  واجد خان لنکا شائر کے علاقے برنلے سے رکن ہاؤس آف لارڈز تعینات ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان واجد خان ہاؤس آف لارڈز کے رکن تعینات ہوگئے جبکہ واجد خان بطور رکن یورپین پارلیمنٹ بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں اور انہیں اپوزیشن کے سب سے کم عمر لارڈ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا اور ان کا تعلق پاکستان کے ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں سے ہے ۔

یاد رہے واجد خان رواں برس مئی میں میئر آف برنلے منتخب ہوئے تھے اور انہیں برنلے کے سب سے کم عمر میئر منتخب ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

واجد خان برطانیہ کے شہر برنلے میں متوسط طبقے کے پاکستانی گھرانے میں پیدا ہوئے اور ان کے والد ایک ٹیکسی ڈرائیور تھے جبکہ  واجد خان سیاست میں آنے سے پہلے یونیورسٹی آف سینٹرل لنکاشر میں سینئر لیکچرر تھے اور لیڈرشپ کا کورس پڑھاتے تھے۔

واجد خان 2017 میں لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے یورپی پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہوئے جہاں وہ دو سال تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے جبکہ  یورپی پارلیمنٹ میں واجد خان فارن افیئرز اور ہیومن رائٹس کی کمیٹیز کے ممبر بھی تھے۔

خیال رہے واجد خان نے ہیومن رائٹس کی کمیٹی میں کھل کر مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائی اور ذاتی کوششوں سے کمیٹی کے چیئرمین انتونیو پنساری کو کشمیر کے مسئلے پر اوپن ڈسکشن کروانے پر راضی بھی کیا ہے۔

واضح رہے حکومت پاکستان نے انسانی حقوق کے لیے واجد خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستان کاتیسرا سب سےبڑا شہری اعزاز ستارہ قائد اعظم سے بھی نوازا گیا ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل 2016 میں پاکستانی نژاد صادق خان برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے اور انہیں لندن کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز حاصل ہے۔