نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوا لی

402

واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوا لی ہے جبکہ جو بائیڈن کو ویکسین لگوانے کے مناظر ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھائے گئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو ریاست ڈیلاویئر کے مقامی اسپتال میں ‘فائزر’ اور ‘بائیو این ٹیک’ کی تیار کردہ ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ویکسین لگوانے کے مناظر ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھائے گئے تھے۔

اٹھہتر برس کے نئے آنے والے صدر کو دوا ساز کمپنی فائزر کی ویکسین نیووارک کےکرسچیانہ ہسپتال میں لگائی گئی جبکہ  اس موقع پر جوبائیڈن کا کہناتھا کہ ویکسین لگوانے کے عمل کو دکھانے کا مقصد یہ ہےکہ جب یہ دستیاب ہو تو عوام اسے لگوانے کے لیے تیار ہوں اور اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

جو بائیڈن نے امریکی عوام سے کہا کہ وہ ویکسین لگوائیں، فکر کی کوئی بات نہیں اور اس دوران ماسک پہنتے رہیں اور ماہرین کو سنیے۔

خیال رہے نو منتخب صدر سے قبل اُن کی اہلیہ جل بائیڈن کو بھی اسی اسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی تھی جبکہ  نو منتخب نائب امریکی صدر کملا ہیرس اور ان کے شوہر بھی اگلے ہفتے ویکسین لگوائیں گے۔

دوسری جانب اس سے قبل موجودہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ سیکنڈ لیڈی کیرن پینس کو بھی لائیو ٹی وی پر کورونا ویکسین کی خوراک دی گئی تھی جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ویکسین لگوانے کی فہرست میں تاحال شامل نہیں ہوئے۔

واضح رہے لائیو ٹی وی پر کورونا ویکسین لگانے کا اقدام عوام کو کورونا ویکسین کے محفوظ ہونے کی یقین دہانی کروانے کے لیے اٹھایا گیا ہے جبکہ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے 3 لاکھ 18 ہزار افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔